جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سی این جی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اوگرا نے سی این جی مالکان سے ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ اوگرا نے عدالت سے عبوری قیمت مقررکرنے کی استدعا کردی۔ اوگرا کے وکیل سلمان اکرام راجہ نے بتایا کہ اوگرا اور سی این جی ایسوسی ایشن کے مذاکرت میں کاسٹ آف گیس ریجن ون میں اکتیس روپے آٹھ پیسے جبکہ ریجن ٹو میں اٹھائیس روپے چار پیسے ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گیارہ دسمبرکے اجلاس میں مشیرپٹرولیم موجود نہ تھے، ای سی سی کا آئندہ اجلاس اٹھارہ دسمبرکوہوگا جس میں مجوزہ قیمتیں پیش کی جائیں گی۔ جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ اوگرا کی جانب سے پچیس اکتوبرکودیے گئے حقائق کے مطابق قیمت بیس روپے بنتی ہے۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اس میں گراس سبسڈی بھی شامل ہے۔