اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد اب حکومت کی نظریں امریکی منڈیوں پر ہے، آسان رسائی کیلئے راہ ہموار ہو گئی ہے، معیشت کی بحالی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، دوست ممالک سے تعاون کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے تجارتی مراعات حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے پاس امریکی منڈیوں تک آسان رسائی کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے اور اسلام آباد اب اس کیلئے کوشش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ تجارت اور دیگر متعلقہ عہدیداروں سے ملاقاتوں میں ہم نے زور دیا کہ ہماری مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے اور اب کیونکہ ہم یورپی یونین سے مراعات حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں تو ہماری پوری توجہ امریکہ کی جانب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی منڈیوں کے بارے میں پاکستانی کاروباری شخصیات کی معلومات میں کمی ہے جس کی وجہ سے وہ مصنوعات بھی برآمد نہیں کی جا سکیں جن کیلئے تجارتی مراعات کی ضرورت تک نہیں۔اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں سرپلس بجٹ دینے پر بلوچستان، خیبر پی کے کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ بلوچستان حکومت کیلئے 17 کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ خیبر پی کے حکومت کیلئے 29 کروڑ 69 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ صوبوں کو انعام دینے کا فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل میں کیا گیا۔ الیکشن کمشن کو بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز جاری کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 فیصد اخراجات وفاق برداشت کرے گا۔ خیبر پی کے کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اضافی فنڈ دیا گیا۔ خیبر پی کے حکومت کو گزشتہ سال 18 ارب 70 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ آئل گیس ڈویلپمنٹ سرچارج اور ایکسائز ڈیوٹی کے فنڈز بھی صوبوں کو جاری کر دئیے۔ گزشتہ سال پنجاب کو 7 ارب 30 کروڑ روپے، سندھ کو 458 ارب 40 کروڑ، خیبر پی کے کو 18 ارب 20 کروڑ، بلوچستان کو 8 ارب 80 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔