دھند کے باعث گاڑیاں ٹکراتی رہیں، لاہور، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں 19 افراد جاںبحق

Dec 17, 2013

لاہور + گوجرانوالہ + فیصل آباد + قصور (سٹی رپورٹر + خبر نگار + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) دھند کے باعث گاڑیاں ٹکراتی رہیں، لاہور، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں 19 افراد جاںبحق، متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ائرپورٹ اور موٹروے کو بند کر دیا گیا، پرازیں منسوخ ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق والٹن رود پر 4 خواتین مشل، انعم، فیضا اور میشہ گاڑی میں سوار ہو کر جا رہی تھیں، گاڑی کو ٹرن کرنے کے دوران اچانک گاڑی فٹ پاتھ کے اوپر چڑھنے سے الٹ گئی اس کے ساتھ موٹر سائیکل سوار غلام نبی اور طارق محمود بھی اسی گاڑی سے ٹکرا گئے جس سے عنیزہ، مشعل، غلام نبی اور طارق ہلاک ہو گئے، زخمی ہونیوالی انعم اور فیضا کا علاج جاری ہے۔2 نجی ٹی وی کے مطابق حادثہ دھند کے باعث ہوا۔ گوجرانوالہ میں دھند کے باعث کیری ڈبہ اور آئل ٹینکر کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاںبحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ لدھیوالہ وڑائچ کا افضل ابوظہبی سے دو روز قبل چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا جو فیصل آباد میں اپنے عزیز کی تیمارداری کے لئے کیری ڈبہ میں جا رہا تھا لدھیوالہ وڑائچ کے علاقہ خان باغ کے قریب مخالف سمت سے آنے والا آئل ٹینکر دھند کے باعث کیری ڈبہ پر چڑھ گیا۔ کیری ڈبہ الٹنے سے ڈرائیور نذیر‘ افضل‘ اس کی بیوی ارشاد بی بی‘ بیٹا حسن‘ معراج بی بی اور ساجدہ بی بی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اطلاع پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے کیری ڈبہ کاٹ کر نعشوں کو باہر نکالا اور شدید زخمی ہونے والی آٹھ سالہ بسمہ‘ نعیمہ بی بی‘ بشری بی بی اور ساجدہ پروین کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا راستہ میں کمسن بچی بسمہ بھی دم توڑ گئی جبکہ نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ نعشیں جب گھر پہنچیں تو قیامت برپا ہو گئی، لواحقین پیاروں کی میتوں سے لپٹ کر چیخ و پکار کرتے رہے، کئی افراد بیہوش بھی ہو گئے۔ دوسری طرف ٹینکر کا ڈرائیور حادثہ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور محکمہ صحت کے حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں علی الصبح اوکاڑہ سے فیصل آباد آنے والی اے پی وی کوچ چک نمبر 465گ۔ب سمندری کے قریب دھند میں نظر نہ آنے کے باعث گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں رینالہ خورد کے حبیب اللہ اور محمد اقبال موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ خاتون سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔ جڑانوالہ چک نمبر 58گ۔ب کے قریب بس اور مسافر ویگن میں تصادم کے نتیجہ میں سکینہ بی بی، محمد ارشد، فقیر محمد، محمد خان، قربان علی اور مشتاق احمد شدید زخمی ہو گئے۔ بیشتر مسافروں کی ٹانگیں اور بازو ٹوٹ گئے ہیں۔ چیچہ وطنی میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل رکشہ پر سوار دو بچے موقع پر ہی جاںبحق جبکہ دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ جڑانوالہ کڑیال روڈ پر دھند کے باعث چک نمبر 59گ۔ب کے قریب ایک مسافر ویگن کوسٹر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دو عورتوں سمیت دس افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حیدرآباد تھل کے نواحی گاؤں اوبھل کا سکونتی 22 سالہ نوجوان قمر عباس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار جنڈانوالہ جا رہا تھا، لیتن موڑ پر سپیڈ بریکٹر جیمپ لگنے سے ٹریکٹر سے نیچے گر گیا اور ٹرالی اوپر گزر گئی وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔فیصل آباد شہر اور گردونواح میں دھند کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ فیصل آباد، شیخوپورہ، لاہور روڈ، کمال پور انٹرچینج موٹروے فیصل آباد اور پنڈی بھٹیاں موٹروے پر دھند چھائے رہنے سے دوپہر گیارہ بجے تک ٹریفک معطل رہی جبکہ گذشتہ رات فیصل آباد روڈ پر اڈا کھلدی کے قریب ایک کار نمبر 7535 ایل ای وی اگے جانے والے گنا کے ٹرالہ سے ٹکرا گئی جس سے کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد روڈ پر ایک بس آگے جانے والے ایک کیری ڈبہ سے ٹکرا گئی جس میں رانا عارف جاوید کے قریبی فیملی سوار تھی شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک اور کاروباری زندگی مسائل سے دو چار رہی۔ پیرمحل میں بھی پڑنے والی شدید دھند کی وجہ سے شاہراؤں پر گاڑیوں و موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر 14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ موٹروے پر حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ڈرائیوروں اور مسافروں کو پولیس نے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور سیفٹی اصولوں کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ ادھر اسلام آباد سے لاہور تک موٹروے پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ 30 سے 40 میٹر ہو گئی۔ موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور روڈ سیفٹی اصولوں کی سختی سے پابندی کی ہدایات جاری کر دیں۔کنجوانی میں مسافر بس نہر میں جا گری، خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ قصور میں کوٹ رادھاکشن روڈ پر ٹرک الٹ جانے سے ٹرک کا ہلیپر جاںبحق ہو گیا، قصور سے کوٹ رادھاکشن جانے والا ٹرک دھند کی وجہ سے الٹ جانے کے کے نتیجہ میں مخالف سمت درخت سے جا ٹکرایا، ہیلپر کا نام اور اتہ پتہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دھند کے باعث لیہ میں دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر سے 2 افراد جاںبحق ہو گئے۔ لاہور سمیت پنجاب کے اکثر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا یہ سلسلہ آئند چند روز تک صبح اور شام کے اوقات میں برقرار رہے گا۔ لاہور شہر میں شدید دھند کے باعث ایئرپورٹ کو پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر حد نگاہ 300 میٹر سے کم ہو گئی، لاہور آنے والی پروازیں دوسرے شروں میں لینڈ کریں گی، شدید دھند کے باعث موٹروے کو بھی بند کر دیا گیا۔ دھند کے باعث شاہ کوٹ، شیحوپورہ روڈ پر پل لکڑ منڈی کے قریب آٹھ بسیں اور کاریں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 10 سے زائد افراد جن میں خالد، پاور، اجمیر، شبیر، لیاقت، امداد، اسلم اور آمنہ بی بی وغیرہ شامل ہیں شدید زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث واپڈا کے چار گرڈ سٹیشن ناقص منصوبہ بندی کے باعث بند ہو گئے اور شہر کے مختلف علاقوں ساڑھے بارہ گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے ۔ بچیانہ کے علاقہ میں صبح سے دوپہر گیارہ بجے تک گہری دھند چھائی رہی جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت کی رفتار سست پڑ گئی اور گاڑیوں نے رینگ رینگ کر مسافت طے کی۔لوگ کاروبار زندگی کی بجائے اپنے اپنے گھروں میں مقید رہے۔ 

مزیدخبریں