پشاور: دھماکے میں بم ڈسپوزل یونٹ کے انچارج سمیت 4 اہلکار جاں بحق‘ گولاچی میں بھی بم پھٹنے سے 2 راہگیر مارے گئے

Dec 17, 2013

پشاور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) پشاور کے نواحی علاقے شیخ محمدی میں بم دھماکے سے بم ڈسپوزل یونٹ کے انچارج سمیت چار اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں شیخ محمد میں اتوار کی رات معمولی نوعیت کا دھماکہ ہوا تھا۔ گزشتہ روز صبح سویرے بم ڈسپوزل یونٹ کے انچارج عبدالحق اور ٹیم کے دیگر اہلکار دھماکے کی جگہ کا جائزہ لینے جا رہے تھے کہ شیخ محمدی کے قریب سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے بی ڈی یو کے انچارج عبدالحق سمیت 3 اہلکار موقع پر  جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے جن میں سے ایک نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ وہ گئی‘ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔واقعہ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی، پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے  انہیں مضافاتی علاقے شیخ محمدی میں ایک بم کی اطلاع ملی تھی جسے ناکارہ بنانے کیلئیبم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار وہاں جا رہے تھے۔ راستے میں انکی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں جس بم کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی اسے دوسری ٹیم نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بم ڈسپوزل سکواڈ کے اے آئی جی شفقت ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  دھماکے میں پانچ کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حملوں میں ہمیشہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔اب تک بم ڈسپوزل سکواڈ کے 10 سے زائد اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا  ہے کہ واردات منصوبہ بندی کے تحت کی گئی پہلے بم کی اطلاع دی گئی۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار وقوعہ  کی طرف جا رہے تھے راستے میں ہی ٹارگٹ بن گئے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین‘ وزیر اعظم نواز شریف‘ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے ساتھ ہی آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور فضا میں دھواں چھا گیا۔ ادھر کلاچی کے علاقے میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بم کلاچی کے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے وہاں سے گزرنے والے 2 راہگیر جاں بحق ہو گئے۔

مزیدخبریں