سنکیانگ (نیوز ایجنسیاں) چینی صوبے سنکیانگ میں پولیس کی جانب سے کی جانے والے ایک کارروائی میں 16 افراد جاںبحق ہو گئے۔ اس علاقے میں یغور اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے کاشغر شہر میں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کے لئے ایک کارروائی کی اور اس دوران ایک ٹولے نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ یہ جرائم پیشہ افراد آتشیں اسلحے، چاقوؤں اور بارودی مواد سے لیس تھے۔ آپریشن کے دوران دو پولیس اہلکار اور 14 بدمعاش ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دو کو حراست میں لے لیا گیا۔ سنکیانگ کی سرحدیں پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملتی ہیں اور یہاں کے باسی صدیوں سے اسلام کے ماننے والے ہیں۔ چند سال قبل اسی علاقے میں چین کے ہان نسل کے باشندوں اور یغور آبادی کے مابین شدید ہنگامے ہوئے تھے۔