سانحہ پشاور کے شہداء کی عظیم قربانیاں وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے جا رہی ہیں: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ گذشتہ سال سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی عظیم قربانیاں رنگ لاتے ہوئے وطن عزیز کو امن و امان کا گہوارہ بنا نے جا رہی ہیں، جن مائوں کے لخت جگر چھن گئے ساری قوم ان کے دکھ درد میں شریک ہے، الفاظ ان جذبات کی ترجمانی نہیں کرسکتے لیکن آج ساری قوم انتشار و نفرت کی باتیں چھوڑکر پاکستان کیلئے جینے اور مرنے کا عزم کر چکی ہے‘ 20کروڑ لوگوں کا ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان ہرقیمت پر جیتے گا اس ریاست کو ناکام بنانے کے درپے عناصر شکست کھا چکے ہیں اور افواج پاکستان ، رینجرز اور اداروں کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں جس پر ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔حمزہ شہباز نے ایوان اقبال میں سانحہ پشاور کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حصول تعلیم میں مصروف ننھے منھے پھولوں پر ظلم و بربریت کی جو گھنائونی واردات کی گئی اس پر ہر پاکستانی کا دل آج بھی سوگوار ہے لیکن ہمیںاس سانحہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے انتشار اور نفرت کی باتیں چھوڑکر ایک قوم بن کر آگے بڑھنے کا عزم کرنا ہوگا۔ مادر وطن تقاضا کرتی ہے کہ ہم ان بچوں کے خواب پورے کریں جنہوں نے اپنی جان قربان کرکے ہمیں بہت بڑا سبق دیا۔ عہدے اور نام نہیں اچھے کام یاد رہتے ہیں۔ ہمیں کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے سب سے پہلے ایک اچھا انسان بننا ہوگا۔ حمزہ شہباز نے جذباتی انداز میں سانحہ پشاور کے والدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان شہیدوں کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن مائوں نے اپنے جگر گوشے منوں مٹی تلے بھیج کر بھی وطن عزیز کی سلامتی کی دعائیں مانگیں۔ ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب میں انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے پانچ سالہ بچے غلام مرتضیٰ نے نغمہ پڑھا تو حمزہ شہباز نے اس بچے کو سٹیج پر بلا کر پیار کرتے ہوئے بوسہ لیا۔ اسی طرح ایک ننھی طالبہ نے سانحہ پشاور اور اس موضوع پر انتہائی جذباتی تقریرکی، معروف شاعر امجد اسلام امجد نے ’’تم زندہ ہو ‘‘ کے عنوان سے اپنا کلام پیش کیا تو حمزہ شہباز نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔ لاہور کالج یونیورسٹی کی ڈرامیٹک سوسائٹی کی طالبات نے خاکے پیش کئے جبکہ حامد علی خان اور ان کے بیٹوں نے ’’یہ وعدہ رہا‘‘ پر گیت گایا تو حمزہ شہباز سمیت تمام شرکاء نے ان کا ساتھ دیا۔ تقریب میں وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، وزرائے اعلیٰ اور شعبہ ہائے زندگی کے مختلف افراد کی آراء پر مشتمل دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے کمپیئر نورالحسن نے بھی انتہائی جذباتی گفتگو کی جس پر حمزہ شہباز سمیت تمام شرکاء آبدیدہ ہوگئے۔ ایوان اقبال میں شہید طلباء و طالبات کی تصاویر لگائی گئی تھیں جبکہ اپنے خطاب کے آغاز میں حمزہ شہباز نے کہاکہ آج کی تقریب کے اصل مہمان خصوصی یہ شہید بچے ہیں تو تمام شرکاء دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔تقریب میں صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، ذکیہ شاہنواز، مجتبیٰ شجاع الرحمن،خلیل طاہر سندھو، خواجہ سلمان رفیق، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، صوبائی سیکرٹریز، وائس چانسلرز اور مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...