اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قوم معصوم بچوں کی شہادت کی پہلی برسی منا رہی ہے جو پشاور میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے اور وحشیانہ قتل عام میں شہید ہوئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے بدھ کو سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی پہلی برسی کے موقع اپنے بیان میں کہا کہ ان معصوم بچوں کے والدین اور خاندانوں کو جو دکھ اور درد پہنچا ہے اس کا اظہار الفاظ میں نہیں ہو سکتا۔ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہم کسی کو ان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ 16 دسمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے قوم کے اُس جذبے کی تعریف کی جس طرح وہ اس نازک موقع پر اٹھ کھڑی ہوئی، اپنے اختلافات بھلائے اور دہشتگردی کی لعنت سے لڑنے کیلئے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ دہشت گردوں کی ہمارے معاشرے، ثقافت یا مذہب میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی مذہب یا نظریئے کی نمائندگی نہیں کرتے جو انسانیت کے چہرے پر ایک داغ ہیں۔
دہشت گردوں کو بچوں کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے: پرویز رشید
Dec 17, 2015