سیاسی جماعتیں ماحول کو سیاسی رہنے دیں، تاریخیں نہ دیں: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جے یو آئی پنجاب سے خون نہیں بلکہ ووٹ مانگ رہی ہے تاکہ ملک میں اسلام کا نفاذ ہوسکے اور عوام کے مسائل حل ہوسکیں، سیاسی جماعتیں ماحول کو سیاسی رہنے دیں اور تاریخیں نہ دیں بلکہ ملک کی ترقی کیلئے سب کو آگے بڑھنا ہوگا، برما اور شام میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف عالم اسلام کو مشترکہ مؤقف اختیار کر نا ہو گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے زیر اہتمام پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ فضل الرحمن نے کہاکہ برما اور شام میں مظالم کو رکوانے کیلئے مسلم ممالک کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ برما میں مظالم کی انتہا ہو چکی ہے یہ کھلی دہشت گردی ہے۔ انسانی حقوق والے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سے امتیازی سلوک ختم کیا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان بظاہر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہے لیکن حقیقت میں یہ دینی طبقات کے خلاف امتیازی سلوک کا قانون ہے۔ ملک میں شریعت کے خلاف کوئی کام نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ 73ء کے آئین پر عملدرآمد اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سی پیک پروگرام خراب کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن ایسی ہر سازش کا جے یو آئی اور عوام ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ اسلام ہی اس ملک کا مقدر ہے۔

ای پیپر دی نیشن