پسرور : ہاتھوں سے معذور باہمت طالبعلم پاؤں کی انگلیوں سے لکھتا ہے، ہشتم کے امتحان میں اوّل پوزیشن حاصل کی

Dec 17, 2016

پسرور (نامہ نگار) گورنمنٹ ہائی سکول قلعہ احمد آباد میں جماعت نہم کے طالبعلم نے انسانی عزم وہمت کی عظیم مثال قائم کردی۔ طالبعلم شفاقت حسین کے دونوں ہاتھ بچپن سے کمزور ہیں اور وہ ہاتھ کی انگلیوں سے قلم نہیں پکڑ سکتا جس پر شفاقت حسین نے اپنے دائیں پائوں کی انگلیوں سے لکھنے کا طریقہ سیکھ لیا۔ شفاقت حسین کا تعلق موضع مان کے ایک غریب کاشتکار گھرانے سے ہے اس کے والد رفاقت علی کھیتی باڑی کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں ان کے6 بچے ہیں ان میں سے شفاقت حسین ہاتھوں سے قلم پکڑ نے کی سکت نہیں رکھتا تھا جس پر اس نے ہمت نہ ہاری اور دائیں پائوں کی انگلیوں سے قلم پکڑ کر لکھنے کی پریکٹس شروع کردی جماعت ہشتم کے امتحان 2016ء میں شفاقت حسین نے قلعہ احمد آباد میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی سکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر عبدالمنان بٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طالبعلم شفاقت حسین انتہائی محنتی ہے۔ سکول کے استاد نیاز حسین نے کہا کہ شفاقت حسین عزم وہمت کی نئی داستان رقم کررہا ہے۔

مزیدخبریں