کراچی (اے ایف پی) آسکر انعام یافتہ شرمین عبید نے غیرت کے نام پر قانون سازی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خواتین پر تشدد کیخلاف لڑائی کا ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ انہوں نے کہا غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے یہ بڑا اچھا ہوا کہ ہم قانون سازی میں کامیاب ہو گئے۔ خیال رہے اکتوبر میں حکومت نے غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے قانون میں موجود نقائص کو دور کرنے کی منظوری دی ہے جس کے بعد اب قاتل کو اس کے رشتہ دار معاف نہیں کر سکیں گے اور قاتل سزائے موت سے بچ بھی جائے اس معافی کی بنا پر عمرقید سے نہیں بچ سکے گا۔ شرمین عبید نے کہا اس قانون سازی سے قتل مکمل طور پر ختم نہیں ہو جائیگا تاہم قاتل کو جیل میں بھیجنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی نئی اینی میٹڈ فلم ’’3بہادر‘‘ کا پریمیئر جلد ہو گا۔ یہ فلم ’’تھری بریو وارئیرز‘‘ کا دوسرا حصہ ہے۔ خواتین کے حوالے سے ایک اور ٹرننگ پوائنٹ جولائی میں سوشل میڈیا سے شہرت پانے والی ماڈل قندیل بلوچ کا قتل تھا جسے اس کے بھائی نے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے اس مقدمہ میں شکایت دیگر رشتہ داروں کے بجائے اپنی جانب سے درج کرائی جس کی وجہ سے قندیل کے دوسرے رشتہ دار قاتل کو معاف نہیں کر سکیں گے۔ شرمین نے کہا اس سے لوگوں کو ایک مضبوط پیغام گیا ہے۔ ان کی آنیوالی نئی فلم میں کرپشن جیسی معاشرتی برائی پر روشنی ڈالی جا رہی ہے، اس میں کراچی میں نام نہاد واٹر مافیا کی جانب سے مہنگے داموں پانی کی فروخت کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔