لاہور+ ساہیوال (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) پنجاب نے حکومت سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا، حکومت نے ایپکا کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفیکیشن 31 دسمبر تک جاری ہونے کی یقین دہانی کرا دی ۔ ایپکا پنجاب کے تمام اضلاع کے ہزاروں ملازمین 15 دسمبر سے سول سیکرٹریٹ چوک لاہور میں اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاجی دھرنا دیئے ہوئے تھے اور تمام محکمہ جات میںبھی ہڑتال کی گئی تھی۔ جس کے نتیجہ میں چیف سیکرٹری پنجاب کے سٹاف افسر مقصود مختار نے ایپکا رہنمائوں حاجی محمد ارشاد چودھری، لالہ محمد اسلم ، چودھری ابو ہریرہ ، ظفر اقبال کمبوہ ، تنویر اکرام بٹ سے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اور نوٹیفکیشن کا اعلان ڈپٹی سیکرٹری ویلفیئر ایس اینڈ جی اے ڈی نے کیا جس کے بعد صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد چودھری نے اس یقین دھانی پر احتجاجی دھرنے کو موخر کرنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ایپکا ملازمین نے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی‘ ہڑتال کے باعث دور دراز سے آئے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کلرکوں نے حکومت سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا
Dec 17, 2016