سی پیک اقتصادی انقلاب برپا کردے گا، مخالفین روڑے اٹکانے کی بجائےملک کی تعمیر میں کردار ادا کریں: صدر ممنون

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے بغیر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن نہیں۔ سی پیک اقتصادی انقلاب برپا کر دیگا، مخالفین رکاوٹ بننے کے بجائے ملک کی تعمیر میں کردارادا کریں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ، دہشت گردی کےخلاف عوام اورافواج کی قربانیوںپرفخر اوراپنی قوم کے بچوں پر پورا اعتماد ہے، پاکستان میں منفی طاقتیں دم توڑ رہی ہیں۔ صدر ممنون حسین نے  کراچی میں پاک میرین اکیڈمی کی53 ویں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرین اکیڈمی کے قیام کا مقصد ملک کی سمندری حدود کا تحفظ کرتا ہے اور موجودہ دور میں میرین اکیڈمی کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے تاہم نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی بندرگاہوں کو دنیا کی محفوظ بندرگاہیں بنائیں۔صدرنے کہاملک کی سمندری حدود کو تحفظ دینے کی خاطر میرین اکیڈمی نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وزیراعظم یوتھ سکول کے تحت بھی جوانوں کو تربیت فراہم کر رہی ہے جو انتہائی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا معاشی استحکام کے بغیر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ناممکن ہوتی ہے لیکن اللہ تعالی نے اقتصادی راہداری کی صورت میں ہمارے لئے نئے روشن امکانات پیدا کر دیئے ہیں اور ان امکانات سے استفادہ کرنے کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ وہی اقوام اور ممالک ترقی کے مقاصد حاصل کرتے ہیں جو اپنے وسائل دانشمندی اور کفایت شعاری سے استعمال کرتے ہیں۔ ممنون حسین نے کہا پاکستان کا سمندر اور آبی وسائل دنیا کے لئے نئے امکانات پیدا کرنے کے باعث ہیں اور بہتر مستقبل کے لئے وسطی ایشیا کے کئی ممالک سی پیک سے منسلک ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا سی پیک کی تکمیل سے پاکستان خطے کا اہم ملک بن جائے گا جبکہ خطے کا یہ منفرد معاشی و اقتصادی منصوبہ پوری دنیا کے لئے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا جس سے خطے سمیت اقوام عالم استفادہ کر سکیں گی۔ صدر مملکت نے کہا امن اور ترقی لازم و ملزوم ہیں اور پاکستان کے اقدامات سے پورے خطے میں امن کو تقویت ملی ہے لیکن جو لوگ امن کو تباہ کرکے پاکستان سمیت خطے کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی کوششیں اور عزائم کبھی بھی پورے نہیں ہو سکیں گے۔ پاکستانی عوام ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹوں کو ہٹا کر ملک کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوںنے کہا پاکستان نے امن کی خاطر بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ پاکستانی عوام اور فورسز نے مالی و جانی قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی اور امن کو بحال کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور ان کا کردار قابل فخر ہے۔انہوں نے کہا بعض قوتیں اقتصادی راہداری پر صوبوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہی ہیں لیکن قوم کو شکوک و شبہات دور کرکے بچوں کے مستقبل کے لئے متحد ہونا ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا سی پیک کے مغربی روٹ میں تبدیلی کی تمام باتیں صرف افواہیں ہیں۔ اس کے روٹ میں ایک انچ بھی تبدیلی نہیں کی گئی۔ قوم کو ان پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے اور مخالفین کو بھی اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اور خطہ آزمائشوں کے طویل سلسلہ سے گزرنے کے بعد سیاسی، اقتصادی اور دفاعی استحکام کے شعبوں میں بھر پور اڑان کے لیے پرتول رہا ہے جس میں ہمیں چین کا تعاون حاصل ہے میرا اشارہ پاک چین اقتصادی راہداری کی طرف ہے جس کے تحت مغربی چین کو گوادر سے ملا دیا گیا ہے اور اس طرح دنیا کا ایک بڑا حصہ اس خطہ میں منسلک ہو گیا ہے اس گزرگاہ سے پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورا خطہ فائدہ اٹھا سکے گا پاکستان کے سمندر اور اس کی آبی گزرگاہیں وطن عزیز ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کی خوشحالی اور فلاح کے لیے ایک نیا امکان اورامید کی کرن بن کر ابھر رہی ہیں اس پس منظر میں پاکستان میرین اکیڈمی اور اس سے فارغ التحصیل ہونے والے آفیسروں کی ذمہ داریوں میں ماضی کی نسبت کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ہمارے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی بندرگاہوں کو دنیا کی محفوظ ترین بندرگاہیں بنا دیں تاکہ پاکستان کے افق پر طلوع ہونے والے نئے امکانات کی صبح سے ہم بھر پور طریقہ سے مستفید ہو سکیں۔ مجھے اپنے بچوں پر اعتماد ہے اور میں یقین سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان میرین اکیڈمی جیسے پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں سے حاصل ہونے والی تربیت اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر وہ ایسا کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہو جائیں گے جس کی ہم ان سے توقع رکھتے ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمیں مزید کامیابیاں ملیں گی اور ہم پاکستان ہی نہیں ہمسایہ ملک اور پورے خطہ کو امن دشمنوں سے پاک کرکے ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیں گے۔ ہم اس عظیم کام میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر اور قوتوں سے بھی کہیں گے کہ وہ منفی طرز عمل ترک کر کے اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے ہمارے دست و بازو بن جائیں تاکہ تاریخ میں انہیں اچھے الفاظ سے یاد کیا جا سکے۔صدر ممنون حسین نے پاسنگ آ¶ٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی اور نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو اعزازات بھی دئیے۔ اس موقع پر انہوں نے مالدیپ کے کیڈٹس کی آئندہ میرین کورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن