لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حلف کی خلاف ورزی کے الزام کے تحت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سات وفاقی وزرا، شہبازشریف اور رانا ثنا اللہ کی نااہلی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار جسٹس ریٹائرڈ فیصل نصیر خان نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم، وفاقی اور صوبائی وزراء نے ذاتی فائدے نہ اٹھانے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ ماورائے آئین اقدامات کرنے، حکمرانوں کی جانب سے ذاتی فوائد اٹھانے اور حلف کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حلف کی خلاف ورزی کرنے پر درخواست میں بنائے گئے فریقین کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جائیں۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔