مونیٹریال (آئی این پی) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبے میں شراکت کو فروغ دینے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں مونیٹریال میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کے تعاون سے پاکستان کینیڈا بزنس چیمبر کے زیراہتمام منعقدہ تجارتی شو اور ثقافتی تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ طارق عظیم نے کہا کہ پاکستان میں صنعت و پیداوار کی مضبوط بنیاد ہے۔ ان پروڈکشن کو دنیا کے مختلف ممالک میں برآمد کیا جاتا ہے او راس کا حجم کینیڈا میں بھی بڑھ رہا ہے۔ سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی نمائش کیلئے اس شو کا انعقاد کیا گیا جس میں 32 کمپنیوں نے اپنی مصنوعات سمیت شرکت کی۔ شو کے دورہ کے موقع پر مونٹریال میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد عامر اور پی سی بی سی کے ڈائریکٹرز بھی ہائی کمشنر طارق عظیم کے ہمراہ تھے۔