نیو یارک (نیٹ نیوز )امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی بڑھتی ہوئے جوہری صلاحیتیں امریکہ کیلئے براہ راست خطرہ ہیں اور واشنگٹن ایسی جارحیت سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریگا۔ ٹلرسن نے کہا کہ حقیقت میں ایسے خطرے کی صورت میں ردعمل نہ کرنا کسی بھی ملک کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہا کہ ہم اس بارے میں واضح ہیں کہ اپنے ملک کے دفاع کیلئے تمام راستے موجود ہیں لیکن ہم شمالی کوریا کے جوہری پھیلاؤ سے متعلق بلائے جانے والے اجلاس میں یہ بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے۔ دوسری طرف اجلاس کی صدارت کرنے والے جاپان کے وزیر خارجہ تارو کونو نے کہا کہ یہ حل پرامن ہی ہونا چاہئے تاہم یہ شمالی کوریا ہے جس نے تواتر کے ساتھ ایسے حل کو مسترد کیا ہے۔ چین کے نائب سفیر ووہیتاؤ نے سلامتی کونسل کے کئی ارکان کے تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کے کنٹرول سے باہر ہو جانے کا خطرہ موجود ہے تاہم طاقت کا استعمال قابل قبول نہیں۔