کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں پرنس کریم آغا خان سے ملاقات کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو نے استقبال کیا۔ بلاول بھٹو اور پرنس کریم آغا خان نے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے عشائیے سے خطاب کرتے کہا کہ اعتدال پسندی اور رواداری کی آواز کمزور ہو رہی ہے۔ پرنس کریم آغا خان کی میزبانی اعزاز کی بات ہے۔ جہالت کے اندھیروں کو تعلیم کی روشنی سے ہی شکست دے سکتے ہیں۔ پرنس کریم آغا خان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔