پنجاب حکومت کا ویسٹ واٹر اور سینیٹیشن کیلئے ترکی سے استفادہ کرنیکا فیصلہ

لاہور (خبر نگار) حکومت پنجاب نے صاف پانی منصوبہ جات ,ویسٹ واٹر اور سینیٹیشن کے منصوبوں میں انقلاب لانے کے لئے ترکی کے انقلابی اقدامات اور تجربات سے مستفید ہونے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ادارہ استنبول واٹر اینڈ سینیٹیشن ایڈمنیسٹریشن ( ISKI)، واسا لاہور سمیت پورے محکمہ ہائوسنگ اور صاف پانی کی صوبائی کمپنیوں کو معاونت فراہم کرے گا اس سلسلے میں پنجاب حکومت کی ہدایت پر7 رکنی وفد کی سربراہی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ کر رہے ہیں۔جبکہ وفد میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان، سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ راجہ شاہد نصر ،مینیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہدعزیز، چیف ایگزیکٹیو صاف پانی کمپنی سائوتھ ممبربھی ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پروفد کے سیکر ٹری کے لئے محکمہ ہائوسنگ کے سیکر ٹری کو مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے وفد نے آج انڈسٹریل ویسٹ واٹر اور پینے کے صاف پانی کی ٹریٹمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے استنبول کے ادارے ''اسکی'' اور مئیر استنبول سے ملاقاتیں کیں۔ جبکہ آئندہ دنوں کے دوران ترکی سے پنجاب حکومت خصوصا واسا لاہور کے لئے غیر ملکی امداد سے شروع ہونے والے 6 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے میں بھی فنی مہارت‘ تجربات اور مشارت حاصل کی جائے گی۔ ترکی حکام سے انڈسٹریل ویسٹ واٹر کو ٹھکانے لگانے اور اس کو زرعی استعمال میں لانے کے لئے بھی بات چیت ہو گی اور ترکی کے ادارہ '' اسکی'' سے بھی اس حوالے سی کئی معاہدے کئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن