کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے سقوط ڈھاکہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کا حساب چکانا پاکستانی قوم پر قرض ہے جسے ایک دن ضرور چکایا جائے گا ۔ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) قائد اعظم کے پاکستان کا حقیقی نقشہ بحال کرائے گی۔ میاں بلال اعجاز شفیع پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کراچی سے دو بار منتخب ہونے والے رکن قوم اسمبلی میاں اعجاز شفیع مرحوم کی تیرہویں برسی پر پاکستانی بنگالی ایکشن کمیٹی کی طرف سے منعقدہ قرآن خوانی کی تقریب کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے جن میںپاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے صدر شیخ محمد سراج و دیگر شریک تھے۔میاں بلال اعجاز شفیع نے بنگلہ نژاد پاکستانیوں کو ایلین رجسٹریژن کارڈ جاری کرنے کی تجویز کو پاکستان کے حقیقی خالقوں کے ساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے چیئرمین نادرا سے اپیل کی ہے کہ بنگلہ نژاد پاکستانیوں کو افغانیوں، ایرانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے ساتھ نہ ملایا جائے کیونکہ پاکستان کی بنیاد ان ہی کے آبائو اجداد نے رکھی تھی۔
پاکستانی بنگالیوںکوافغانوں کی صفوں میں نہ ڈالا جائے ‘ بلال اعجاز شفیع
Dec 17, 2017