میڈرڈ(سپورٹس ڈیسک) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے سیاسی مداخلت کے سبب سپین کو ورلڈ کپ 2018 سے باہر کردینے کی دھمکی دیدی۔فیفا نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے مراسلہ سپینش فٹبال فیڈریشن کو لکھ بھیجا ہے جس میں واضح کیاگیا ہے کہ سیاسی مداخلت کے سبب سپین کو آئندہ برس روس میں شیڈول میگا ایونٹ سے معطل کیا جاسکتا ہے۔سپینش وزیراعظم ماریانو ریجوئے نے کہا تھا کہ سپین کو فیفا سے ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا ‘ یہ معامل سپینش فٹبال فیڈریشن کی صدارت کی وجہ سے ہوا ہے۔فیفا اور یوئیفا میں بھی سینئر پوزیشنز پر رہنے والے ینجل ماریا ویلار نے جولائی میں ملکی فٹبال کی صدارت چھوڑدی تھی، انہیں فنڈز میں خورد برد کرنے پر گرفتار بھی کیاگیا تھا، ویلار کی جگہ عبوری طور پر جوآن لوئس لاریا کو سامنے لایا گیا تھا، اگرچہ وہ قائم مقام ہیں لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ 2020 تک ویلار کی مقررہ مدت تک سپینش فٹبال کے چیف بنے رہنا چاہتے ہیں، اس پر سپینش نیشنل سپورٹس ایجنسی نے بھی اعتراض کیا تھا، جس پر فیفا نے انہیں وارننگ جاری کی ہے۔