رائے ونڈ(نامہ نگار)ایم ڈی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان چودھری عبدالغفور نے رائے ونڈ لاہور روڈ پریوسی آرائیاں کے علاقہ میںگورنمنٹ بلھے شاہ ہائی سکول میںساڑھے 8 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔سپورٹس کمپلیکس منصوبہ میں فلڈ لائٹس کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سٹیڈیم بھی شامل ہوگا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری عبدالغفور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی تقلید کرتے ہوئے منصوبہ کو ڈبل شفٹ میں تیار کرکے 6ماہ کی بجائے تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے ٹھیکیدار کو تنبیہ کی کہ سٹیڈیم اور کمپلیکس منصوبہ میں رفتار اور معیار کا پورا خیال رکھا جائے۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹورازم کارپوریشن پاکستان کو کارکردگی کی بنیاد پرجلد امریکہ ائیر ایمبولینس سروس مہیا کررہاہے جبکہ دیگرکئی ممالک بھی تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیررزم کا خاتمہ ٹورازم سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سونے کی چڑیا ہے اور ہم ہیروں اور جواہرات کی کان پر بیٹھے دوسرے ملکوں سے بھیک مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری منزل پاکستان ہے ،ملک کی ترقی کیلئے سب کو وقت کی پابندی کرنا ہوگی ۔سسٹم کو ان ٹائم ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے ذریعے ٹورازم میں آئوٹ ڈور تعلیم کا نظام لا رہے ہیں۔نئی نسل کو ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی تاریخ سے آگاہ کریں گے ،ٹورازم نصاب کا حصہ بنایا جارہا ہے ،پیسہ سب کچھ نہیں کردار بہتر بناکر ملک کو آگے لیجائیں گے۔