کراچی(این این آئی)پولیس نے22اگست2016 کوہونے والی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہائوس پر کئے گئے حملے سے متعلق کیس میں ضمنی چالان پیش کردیا ہے، جس میں فاروق ستار اور عامر خان کومجرم قراردیا گیا ہے،عدالتی حکم پر ملزمان کو ضمنی چالان کی نقول فراہم کردی گئی ہیں، کیس کی مزید سماعت 20 دسمبرکو ہوگی جس میں ملزمان پرفرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔ہفتہ کوکراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 22 اگست 2016 کو پریس کلب کے باہر بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہائوسز پر حملے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسرنے ضمنی چالان پیش کردیا۔ جس میں فاروق ستار اور عامر کان کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔ضمنی چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ فاروق ستاراورعامر خان کا بانی ایم کیوایم کی تقریر سے لاتعلقی کا بیان جھوٹا ہے، دونوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، تقریرکے فوری بعد فاروق ستار اور دیگر رہنما تالیاں بجاتے رہے، اگر فاروق ستار اورعامر خان کارکنوں کو اشتعال نہ دلاتے تو میڈیا ہائوس پر حملہ بھی نہ ہوتا۔ کیس کی سماعت کے بعد فاروق ستارنے میڈیا سے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے، 20 جنوری کو 22 اگست کے کیس میں فرد جرم عائد ہوگی۔ ہم ابھی تک ایسا کوئی عمرانی معاہدہ نہیں بناسکے، جس میں تمام پاکستانیوں کو ایک نظر سے دیکھا جائے۔
اشتعال انگیزتقریراورمیڈیا ہائوس پرحملہ ضمنی چالان میں فاروق ستارمجرم قرار
Dec 17, 2017