لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد اور پی پی 168 کے نومنتخب ایم پی اے ملک اسد کھوکھر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر ملک اسد کھوکھر کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی کامیابی کپتان کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ عوا م نے ایک بار پھر نئے پاکستان کو ووٹ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نہ صرف پنجاب بلکہ ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور عوام کھوکھلے نعرے لگانے والوں کے چہرے پہچان چکے ہیں اسی لئے ضمنی الیکشن میں انہیں شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام خدمت اور صاف ستھری قیادت کے ساتھ ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے حکومت میں آ کر نئے ٹرینڈ سیٹ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری قیادت نے اپنی ذات سے کفایت شعاری اور بچت کا آغاز کیا اور پنجاب میں 30سالہ سیاسی سٹیٹس کو توڑنے کاکریڈٹ کپتان کو جاتا ہے اور سٹیٹس کو کے اثرات کو ختم کرنے کےلئے بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مزید براں وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں سانحہ اے پی ایس کے شہداءکے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور دیگر لوگوں نے شہید بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور دیگر لوگوں نے شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں اور اساتذہ نے اپنے لہو سے پرامن پاکستان کے قیام کی تاریخ رقم کی ہے۔ پوری قوم آج شہداءکی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہید بچوں اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کے باعث ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے اور پاکستان میں ان لازوال قربانیوں کے باعث امن قائم ہواہے۔ انہوں نے کہاشہداءاے پی ایس کی عظیم قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ مزیدبراں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکا چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے، شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ قوم کے ہیرو ہیں۔ قوم شہدائے آرمی پبلک سکول کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی اچانک گورنر ہاﺅس آمد، وزیر اعلی نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے 100 روزہ پلان سمیت صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ وزیر اعلی نے ملاقات کے بعد گورنر ہاﺅس کے ٹریک پر کچھ دیر واک بھی کی۔ ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گورنر ہاﺅس میں سیروتفریح کیلئے آئے لوگوں سے ملے اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خاں کی قیادت میں حکومت پنجاب شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہریوں میں گھل مل گئے اور لوگوں نے ان کے ساتھ سلفیاں بھی بنائیں۔
عثمان بزدار