لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پاکستان نے پنجاب اور خیبر پی کے کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں بے آسرا و بے گھر افراد کے لئے عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔ ان پناہ گاہوں میں آنے والے افراد کو موسم کی مناسبت سے گرم بستر کی فراہمی کے ساتھ رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔ پناہ گاہوں کے قریب واش روم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ پناہ گاہ کے ارد گرد صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام باقاعدہ کمپنیوں کے ذمہ دار افسران کو سونپا گیا ہے تاکہ وہ صفائی ستھرائی کے معاملات اپنی نگرانی میں دیکھیں، پناہ گاہوں کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ سول ڈیفنس کے رضارکار ساری رات پناہ گاہوں کے باہر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور کی انتظامیہ نے اس بات پر خصوصی توجہ دی ہے کہ پناہ گاہ میں آنے والے افراد کو گھر جیسا ماحول، آرام دہ بستر اور صاف ستھرا کھانا فراہم ہو، پناہ گاہ میں آنے والے ہر فرد کا ریکارڈ محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسر کی موجودگی میں رجسٹرز میں درج کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ محکمہ موسمیات سے بھی مکمل رابطہ میں ہے تاکہ بارش کی صورت میں عارضی پناہ گاہوں کو قریبی سرکاری و پرائیویٹ عمارتوں میں بروقت شفٹ کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے ریلوے سٹیشن، داتا دربار، ٹھوکر نیاز بیگ، لاری اڈا، پھل و سبزی منڈی بادامی باغ میں عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں ان پناہ گاہوں میں مجموعی طور پر روزانہ اوسطاً 180افراد رات گزارتے ہیں جبکہ جمعہ اور ہفتہ کی رات پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے افراد کی تعداد 230کے قریب ہو جاتی ہے۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اس بات کی ہدایت کی وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی مقررہ پناہ گاہ کا دورہ کریں اور اب تک تقریباً 4800سے زائد افراد نے ان پناہ گاہوں میں رات گزاری، مستقل پناہ گاہوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور ایل ڈی اے کے حکام اپنی نگرانی میں ان کی تعمیر کو مکمل کروا رہے ہیں ۔ حکومت جس سنجیدگی کے ساتھ پناہ گاہوں میں آنے والے افراد کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ حکومت پاکستان کو حقیقتاً فلاحی ریاست بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
پناہ گاہ
لاہور ، پنڈی ، پشاور میں بے آسرا ، بے گھر افراد کیلئے عارضی پناہ گاہیں قائم
Dec 17, 2018