ملک بھر میں شدید سردی، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے جب کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقے کالام اور اسکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ استور منفی 8، گوپس منفی7، ہنزہ اور کوئٹہ منفی06، قلات منفی05، بگروٹ اور دیر منفی04، مالم جبہ منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کہر پڑنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 5، مری صفر اور ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند کردی گئی، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے پر حد نگاہ صفر سے 25 میٹر رہ گئی ہے جس کے بعد ڈرائیونگ کے دوران فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے شہر لودھراں اور بہاولپور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن