ریاض، جکارتہ (آئی این پی+ نیٹ نیوز) عرب لیگ نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے آسٹریلیا کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغربی القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے آسٹریلیا کے فیصلے کی عرب لیگ نے سخت الفاظ میں مذمت کردی۔ عرب لیگ نے کہا آسٹریلیا نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے بین الاقوامی قانون کی بھاری خلاف ورزی کی ہے۔ اس نے القدس سے متعلق بین الاقوامی قانون ، عالمی قراردادوں اور سلامتی کونسل کے متعلقہ فیصلوں کو پامال کیا ہے۔ معاون سیکرٹری جنرل عرب لیگ سعید ابوعلی نے کہا آسٹریلیا نے یہ فیصلہ کرکے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی کھلی جانبداری کردی۔ اس نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ دوسری طرف ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو کوئی حق نہیں وہ مقبوضہ بیت المقدس کو تقسیم کرائے۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے مہاتیر محمد نے کہا کسی دوسرے ملک کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی مرضی دوسرے ملک پر مسلط کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں ہے۔ امریکہ کے بعد آسٹریلیا نے بھی مغربی بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔