واشنگٹن (آئی این پی) سابق امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر، جسے دنیا کا طاقتور ترین شخص سمجھا جاتا ہے، اپنے ذاتی اخراجات کی ایک ایک پائی اپنی جیب سے ادا کرتا ہے۔ اپنی کتاب کی رونمائی کی تقریب میں ٹی وی میزبان اوپرا ونفری سے گفتگو میں کہا کہ لوگوں کو یہ غلط فہمی ہے کہ وائٹ ہائوس کے تمام اخراجات عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اداکئے جاتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے کیوں کہ امریکی صدر اپنے ذاتی اخراجات کی ایک ایک پائی اپنی جیب سے ادا کرتا ہے۔ سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ وائٹ ہائوس کا کرایہ اور عملے کی تنخواہ کے علاوہ ایک پائی بھی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا نہیں کی جاتی اور ذاتی استعمال کیلئے اگر مونگ پھلی بھی منگوائی جائے تو ایک ایک دانہ گن کر بل بھیج دیا جاتا ہے۔ آپ اپنے کچن، گارڈن اور ذاتی مہمانوں کے کھانے پینے کا خرچہ خود اٹھاتے ہیں۔ وہ بارک اوباما کو کہتی تھیں کہ کوئی فرمائش نہ کریں کیوں کہ نایاب ترین چیز بیرون ملک سے منگوا کر پیش کردی جائے گی لیکن ساتھ بھاری بل بھی بھیج دیا جائے گا۔
امریکی صدر کچن، گارڈن، مہمانوں کا خرچہ خود اٹھاتے ہیں، مونگ پھلی منگوائیں تو ایک ایک دانہ گن کر بل بھیجا جاتا ہے: مشیل اوباما: کتاب میں انکشاف
Dec 17, 2018