سانحہ سقوط ڈھاکہ خود غرضی اور ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا:خرم گنڈاپور

Dec 17, 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ جب قوم کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جائے تو پھر سانحات جنم لیتے ہیں۔مشرقی پاکستان سقوط ڈھاکہ کا واقعہ خود غرضی اور ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا،ہمسایہ ملک بھارت نے بھی پاکستان کو دو لخت کرنے میںسازشی کردار ادا کیا۔مکتی باہنی کی آڑ میںمشرقی پاکستان میں را کے اہلکار لڑتے رہے۔بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے سازشی کردار ادا کیا اور اس سازش میں حصہ دار بنے۔اگر اس وقت کی قومی لیڈر شپ اقتدار کے لالچ اور خود غرضی کی بجائے زمینی حقائق،عوامی امنگوں کا ادراک کرتی تو ملک کبھی دو لخت نہ ہوتا۔ہمارے اپنے لیڈروں کی غلطیوں پر بھارت نے پٹرول چھڑکا اور چنگاری کو الائو میں تبدیل کر دیا۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر جواد حامد،عارف چوہدری،راجہ ندیم،چوہدری افضل گجر،میاں افتخار،شفاقت علی مغل و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ16دسمبر ایک المناک دن ہے اس دن قائد اعظم کا پاکستان دو لخت ہوا،سیاستدانوںنے اقتدار کے لالچ میں ایسی غلطیاں کیں کہ جنہوں نے معمولی زخموں کو ناسور بنا دیا۔

مزیدخبریں