پشاور: مالم جبہ اراضی کیس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان قومی احتساب بیورو(نیب) کے پشاور آفس پہنچ گئے ہیں۔
نیب کی پانچ رکنی ٹیم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق تفتیش کر رہی ہے۔ محمود خان سابقہ کے پی حکومت میں صوبائی وزیر سیاحت تھے۔
قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، موجودہ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز بھی نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔
نیب نے مالم جبہ اراضی لیز کیس میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو بھی 14 دسمبر کو طلب کیا تھا۔
نیب کے مطابق خیبرپخونخوا حکومت نے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین 33 سال کی لیز پر دی تھی جس میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کی شکایات سامنے آنے پر نیب خیبر پختونخوا نے تحقیقات شروع کی ہیں۔