لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز آج سے شروع ہوگی۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین میچوں میں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز منگل سے ہوگا۔ سیریز میں شامل تینوں میچز کنرارا اوول، ملائیشیا میں کھیلے جائیں گے۔ ایک روزہ سیریز میں کامیابی کے باعث ٹی ٹونٹی سیریز میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کو میزبان ٹیم پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناکامی کے باوجود انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ مہمان ٹیم رواں سال 10 میں سے 8 ٹی ٹونٹی میچز میں فتح سمیٹ چکی ہے۔ اس دوران انگلینڈ ویمنز ٹیم نے بھارت ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کرنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹونٹی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امید ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں اس سے قبل 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جس میں 9 میچوں میں کامیابی کا سہرا انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے سر سجا۔ اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف واحد کامیابی2013 میں لف برو میں حاصل کی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ ویمن کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز آج سے شروع
Dec 17, 2019