لاہور(سپورٹس رپورٹر ) ملائیشین ہاکی فیڈریشن نے تین سال وقفہ کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کو 2020 میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شامل کر لیا ہے، انٹرنیشنل ہاکی میں قومی کھیل کی واپسی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے 2016 میں سلطان اذلان شاہ کپ کے 25ویں ایڈیشن میں پاکستان کی آخری بارشمولیت ہوئی تھی جس میں پاکستان نے ایونٹ میں پانچویں رینکنگ حاصل کی تھی جبکہ پاکستان کو 2020 میں ملائشیاء میں کھیلے جانے والے سلطان ازلان شاہ کپ کے 29 ویں ایڈیشن میں شمولیت کے لئے گرین سگنل مل گیا ہے۔ چیف سلیکٹر پاکستان ہاکی فیڈریشن ولیجنڈ اولمپین منظور جونیئر نے کہا ہے کہ قومی کھیل کے روشن مسقبل کے بارے میں پرامید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صدرپی ایچ ایف برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر کی سربراہی میں انٹرنیشنل ہاکی میں قومی کھیل کی واپسی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔منظور جونیئرنے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کے لئے اس وقت انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے سرٹیفائیڈ ایونٹس کو کھیلنے اور پوائینٹس حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ایسے وقت میں انٹرنیشنل ٹیموں سے کھیلنے کا تجربہ اور ایف آئی ایچ سرٹیفائیڈ ایونٹ کھیلنے سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک ٹیموں سے سیکھنے کے مواقع بھی میسر ہونگے۔