لاہور ( کلچرل رپورٹر)ڈائریکٹر سید نور نے نئی پنجابی فلم "تیرے باجرے دی راکھی" کی شوٹنگ کا آغاز کردیا۔ فلم کی افتتاحی تقریب شیر گڑھ میں واقع حویلی میں کی گئی جہاں فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات موجود تھیں۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے باقاعدہ کلیپ دے کر افتتاح کیا جو اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔فلم کی کاسٹ میں صائمہ نور، مصطفیٰ قریشی،راشد محمود،اچھی خان،شفقت چیمہ،نغمہ بیگم،صائمہ سلیم،تبسم خان،آغا ماجد،سلیم البیلا اورشیری ننھا شامل ہیں جبکہ اس فلم کے ذریعے سید نور دو نئے چہرے بھی انڈسٹری میں متعارف کرا رہے ہیں جن میں پاکستان کی مقبول ترین ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا اور عبداللہ شامل ہیں۔ سید نور کی دعوت پر فلم پروڈیوسر چودھری اعجاز کامران،چودھری اجمل،التمش بٹ،شہزاد ماہیا،ممتاز بشیر اوردیگر افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔فلم کا میوزک ذوالفقار عطرے نے ترتیب دیا ہے۔فلم کے پروڈیوسر صفدر ملک،راحیل ملک اور سہیل ملک ہیں۔ڈائریکٹر سید نور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پنجاب کی فلم بنارہا ہوں میرا اصل کام پنجابی فلم کو واپس لانا ہے کیونکہ اچھی پنجابی فلم کے منتظر ہیں۔ سید نور نے مزید کہا کہ ایک طرف جنت مرزا کو تو دوسری طرف عبداللہ کو متعارف کرارہا ہوں جو کینیڈا میں فلم سٹوڈنٹ ہے اور بہت جلد پاکستان آکر شوٹنگ میں حصہ لے گا۔پروڈیوسر صفدر ملک نے فلم بنانے کے لئے فری ہینڈ دیا ہے یہ ایک لو اسٹوری فلم ہے جس میں پرانے اور نئے چہروں کو شامل کیا ہے۔کوشش ہے کہ پنجابی فلم کا ایک بار پھر سے کم بیک ہوجائے۔جنت مرزا کا کہنا تھا کہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ میں اداکاری کا آغاز سید نور کے ساتھ کررہی ہوں۔ میری کوشش ہوگی کی اپنی پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کروں۔اداکار آغا ماجد نے بتایا کہ یہ میرے کیرئر کی پہلی فلم ہے جس میں بھرپور محنت کروں گا۔