کراچی(اسپورٹس رپورٹر)راولپنڈی کے بعد شہر قائد کراچی میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجنے کو تیارہے،نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شہر قائد میں پہنچ چکی ہیں،دونوں ٹیمیں(آج)منگل سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کرینگی،پریکٹس سیشن کے بعددونوں ٹیموں کے کوچز پریس کانفرنس کریں گے۔دونوں ٹیمیں(کل)بدھ کو بھی پریکٹس کرینگی،جس کے بعددونوں ٹیموں کے کپتان پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔دوسرا ٹیسٹ19سے23دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو سری لنکن ٹیم پی کے 301سے اسلام آباد سے کراچی پہنچی، قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے سری لنکن ٹیم کراچی پہنچی ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد کے موقع پر ایئر پورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی، مہمان ٹیم کو اولڈ ٹرمنل سے سخت سیکیورٹی کے حصار میں کراچی کے نجی ہوٹل پہنچایا گیا، ہوٹل پہنچنے پر سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول باجے والے بھی ہوٹل کے باہر موجود تھے ۔دونوں ٹیموں نے پیر کو آرام کیا، دونوں ٹیمیں 17اور 18دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔قومی کرکٹ ٹیم نے یہاں41میں سے 21ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔
کراچی میں بھی دس سال بعد ٹئسڑ کا میلہ سجنے کو تیار
Dec 17, 2019