لندن (عارف چودھری) نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نواز شریف کی صحت بحال کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ والد کو کچھ ادویات روک کر نئی دوائیں دی جا رہی ہیں۔ آئندہ دنوں میں کئی اپوائنٹمنٹس طے ہیں۔ دل کے سلسلے میں بھی مرض کی تشخیص کا عمل جاری ہے۔ نواز شریف اور میری ہمشیرہ مریم نواز کو علیحدہ قید رکھا گیا تھا۔ والدہ کے انتقال کے بعد ہمیں اکٹھے بیٹھ کر دکھ بانٹنے کا موقع نہیں مل سکا۔ عدالتیں ساری باتوں کو سمجھتی ہیں۔ ہم کیوں اچھی امید نہ رکھیں۔ ہماری جدوجہد یہی رہی ہے کہ عدالتیں آزاد ہوکر کام کریں۔ 72 گھنٹوں میں امریکہ جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ جب تک پلیٹ لیٹس کا مسئلہ حل نہیں ہوتا امریکہ جانے کا فائدہ نہیں ہوگا۔ اگر پلیٹ لیٹس کا معاملہ حل نہ ہو پایا تو بھی امریکہ لے جایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ہائی کمشن لندن کے افسر عدالتی حکم پر کاغذات کی تصدیق کیلئے ایون فیلڈ گئے۔ ہائی کمشن کے عملے نے وہاں ڈیڑھ گھنٹہ گزارا۔