سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں پیر کو مسلسل 134ویں روزبھی بھارتی فوجی محاصرہ اور دیگر پابندیاںبدستور جاری رہیں جس کی وجہ سے وادی کشمیر اور جموںخطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں لوگ شدید مشکلات کا شکارہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علاقے میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہیں اور انٹرنیٹ اورپری پیڈ موبائل فون سروسزمعطل ہیں۔ انٹرنیٹ کی مسلسل معطلی کی وجہ سے طلبائ، صحافیوں، ڈاکٹروں، تاجروں اور دیگر پیشہ ور افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بھارتی فوج کے لاک ڈائون اور پابندیوں کیوجہ سے لوگوں کو خوراک، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامناہے جبکہ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بھارتی فوج لوگوں کے گھروں میں گھس کر نوجوانوں کوگرفتارکررہی ہے اورانہیں شدید تشدد کا نشانہ بنارہے۔ نوجوانوں کی رہائی کے عوض ان کے اہل خانہ سے تاوان طلب کیا جارہا ہے۔دوسری طرف ہزاروں کشمیریوں کو مسلسل جیلوں اور عقوبت خانوں میں رکھا جارہا ہے۔ گرفتار لوگوں کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیںجبکہ عدلیہ بھی قابض حکمرانوں کے احکامات کی تعمیل کررہی ہے اورمظلوم کشمیریوں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔
مقبوضہ کشمیر: فوجی محاصرہ، پابندیاں جاری، خوراک جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت
Dec 17, 2019