لاہور: ملک بھر میں شدید دھند کا راج ہے اور دھند کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا جبکہ علامہ اقبال ائرپورٹ پر فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
لاہور سمیت ملک بھر کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ دھندکی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔خانیوال سے ملتان موٹروے بھی شدید دھند کی وجہ سے بند ہے جبکہ موہلنوال، مراکہ، مانگا منڈی، پھول نگر ، جمبر اور پتوکی کے گردونواح میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔ اسی طرح قومی شاہراہ پر رینالہ ، اوکاڑہ ، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں بھی دھند ہےجبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان ،بستی ملوک ، لودہراں اور بہاولپور میں دھند کم ہے اورقومی شاہراہ پر حد نگاہ 00میٹر سے بڑھ کر 50 میٹر تک ہوگئی ہے ۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈرائیورز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں اورضروری سفر سے گریز کریں،تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں،معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر یں۔ اسی طرح دیگر شہروں خیرپور، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، کندھ کوٹ، سیہون، سبی اورجہانیاں میں بھی شدید دھند برقرار ہے۔دوسری جانب لاہور ایئر پورٹ حکام کے مطابق آئی ایل ایس کے بغیر طیاروں کا فضائی آپریشن بند کر دیا گیا ہے اور کیٹ تھری سسٹم والے طیارے ہی لاہور ائرپورٹ پر لینڈ کرسکیں گےجبکہ اومان ائر کی لاہور آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا،ویژن ائر کی لاہور آنے والی پرواز 1101 کا رخ بھی اسلام آباد موڑ دیا گیا جبکہ ویژن ائر کی لاہور آنے والی پرواز 1105 کو ملتان بھیج دیا گیا۔
ملک کےمیدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں،موٹر وے بند
Dec 17, 2019 | 10:22