سقوط ڈھاکہ کو بھلانے والے سانحہ کشمیر کی راہ ہموار کر رہے ہیں: سراج الحق

Dec 17, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ16دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 16دسمبر کو ملک دولخت ہوا اور اے اپی ایس پر دشمن نے حملہ کر کے معصوم بچوں کا قتل عام کیا۔ ان دو سانحات نے قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پانچ سال قبل پشاور میں132پھولوں کی قربانی نے قوم کو متحد کردیا۔ جماعت اسلامی شہید بچوں کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس سے سبق سیکھ کر ملکی سلامتی اور تحفظ کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ سقوط غرناطہ اور بغداد کے بعد سقوط ڈھاکہ امت کے جسم پر بہت بڑا گھائو تھا مگر حکمرانوں نے اس سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ سانحہ مشرقی پاکستان کو بھلانے والے سانحہ کشمیر کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اب بھی وقت ہے کہ حکمران سقوط کشمیر کو روکنے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کریں۔ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک کو آج ایک بار پھر 71جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی اور اسلامی چھاترو شنگھو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کو اس ظلم سے نجات دلانے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہم 22دسمبر کو اسلام آباد میں تاریخی کشمیر مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو خود بھی جاگنا اور عالم اسلام اور پوری دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کی طرف متوجہ کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں