آرمی پبلک سکول پر حملہ تعلیم کے فروغ کوروکنے کی سازش تھی، سپیکر قومی اسمبلی

Dec 17, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پر حملہ ملک میں تعلیم کے فروغ کو روکنے کی سازش تھی، اس وقت ملک میں دوکروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، انہیں سکولوں میں داخل کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے، موجودہ حکومت ملک میں معیار تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برٹش کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ’’سالانہ علمی کانفرنس 2020ئ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں آرمی پبلک سکول کے شہداء کی یاد دلاتا ہے، اے پی ایس کے شہداء ہمارے ہیروز ہیں، ان کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پر حملہ ملک میں تعلیم کے فروغ کو روکنے کی سازش تھی۔ اسد قیصر نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہوکر اس سازش کو ناکام بنایا اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ آج کے بچوں نے ہی کل قوم کی قیادت سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں