وراثتی، جانشینی سرٹیفکیٹ کے جلد اجراء کے منصوبے کا چند روز میں افتتاح ہوگا

اسلام آباد (محمد صلاح الدین خان) وفاقی حکومت کی جانب سے وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ کے جلد اجراء کے منصوبہ پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ منصوبے کا افتتاح آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ منصوبے کے تحت ورثاء کو نادرا کے تعاون سے15 روز میں وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ جاری ہوسکے گا۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت راولپنڈی اور اسلام آباد کے دو نادرا سنٹرز میں ہو گی جبکہ کامیابی کے بعد ایک ماہ بعد اس سروس کا دائرہ کار پوری دنیا تک وسیع کردیا جائے گا جہاںجہاں پاکستانی سفارتخانے موجود ہیں تارکین وطن اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں حکومت کو نئی قانون سازی واصلاحات میں اپوزیشن کی جانب سے مشکلات کا سامناہے وہاں صدارتی آرڈیننس کے اجراء سے کام چلایا جارہا ہے۔ وراثتی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے وزارت قانون نے قانون سازی کا عمل تقریباً تین ماہ میںمکمل کیا ہے۔ کامیابی سے نفاذ کی صورت میں اس سروس کا دائرہ کار ملک کے دیگر حصوں تک بڑھایا جائے گا۔ تقریباً ایک ماہ بعد اس سروس کا دنیا بھر میں اجراء کیا جائے گا جہاں پاکستانی سفارتخانے موجود ہیں ،بلاشبہ وراثتی سرٹیفکیٹ کا منصوبہ ایک عام آدمی کو اس کا جائز حق فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

ای پیپر دی نیشن