اسلام آباد(نیوزرپورٹر) جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سینئر نائب صدر محمود احمدساغر نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں جاری ایک بیان میںا نہوں نے کہاکہ بدنام زمانہ جیل میں نظربند کشمیریوںکو بدترین ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھارتی جیل میں غیر قانونی نظربند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نظربندوںکو جیلوںمیں مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف عارضوں میں مبتلا ہو گئے ہیںاور ہر گزرتے دن کے ساتھ صحت بدتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر کی مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ادھر ڈی ایف پی رہنما نے بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی سربراہی میں بھارت کی فسطائی حکومت مسلمانوں کو پسماندہ رکھنے پر تلی ہوئی ہے ، جو بھارت میںسب بڑی اقلیت ہے۔محمود احمد ساغر نے حال ہی میں بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کئے گئے متنازعہ بل کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کی حکومت کے ہندو بالادستی کے نظریے کو خطے میں امن و امان کیلئے ایک سنگین خطرہ قراردیا۔