اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ شیخ رشید جیسے بونوں کو سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لئے آصف علی زرداری کا نام لینا پڑتا ہے۔ اگر ایسے لوگ آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی نہ کریں تو انہیں میڈیا میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ اپنے ایک بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ شیخ رشید اس وقت کا انتظار کریں جب ان سے جہاد کے نام پر لی گئی زمین اور چندے کا بھی حساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے سلیکٹرز کے خاتمے کے بعد شیخ رشید جیسے سیاسی یتیم قصہ پارینا ہو جائیں گے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی صفر رہی ہے۔ اس کے پاس عوام کی خدمت کے لئے کوئی ٹھوس پروگرام نہیں ہے اس لئے وہ ہڑپہ کے پرانے قبرستان سے ملنے والی ممی فردوس عاشق اعوان کو بدزبانی کے لئے سرکاری طور پر میڈیا میں لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ایک کروڑ نوکریاں تو نہیں دے سکے بلکہ بدزبانی کرنے پر فردوس عاشق اعوان کو ماہانہ چھ لاکھ روپے اجرت پر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کے بعد شیخ رشید اور فردوس عاشق جیسے گداگر بیروزگار ہو جائیں گے۔
شیخ رشید جیسے بونوں کو سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے زرداری کا نام لینا پڑتا ہے،پلوشہ خان
Dec 17, 2019