پاکستان ایک چائنا مؤقف پر قائم‘ سٹرٹیجک شراکت داری خوش آئند ہے: سنجرانی 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور چینی عوام کی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے چیئرمین وانگ یانگ کے درمیان ورچوئل لنک کے ذریعے ملاقات ہوئی۔ چیئرمین سینٹ کے ساتھ سینیٹرز کے وفد جن میں سینیٹرز سجاد حسین طوری، دلاور خان، مرزا محمد آفریدی، محمد علی خان سیف، مشاہد حسین سید اور منظور کاکڑ نے بھی اس آن لائن میٹنگ میں شرکت کی اور سیکرٹری سینٹ محمد قاسم صمد خان بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، کرونا وباء کے بعد پارلیمانوں کے ابھرتے ہوئے نئے کردار، سی پیک اور بی آر آئی کی سطح پر تعاون اور پارلیمانی اداروں میں تعاون اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر تبادلہ خیال۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ چین ہمارا قریبی دوست، شراکت دار اور بھائی ہے اور پاکستان اور چین وسیع البنیاد، طویل مدتی دوستی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند سالوں میں یہ دوستی سٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہو گئی ہے۔ کرونا وباء سے متعلق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل دور میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور چین نے وباء پر قابو پانے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے وباء کے پھیلائو پر قابوپانے کیلئے پاکستان کا ساتھ دیا جس پر پاکستانی قوم ، حکومت ، پارلیمان اور عوام شکر گزار ہیں۔ چین کے رہنما نے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ چیئرمین سینٹ نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن