ٹیلی نار پاکستان کے زیر اہتمام آن لائن سوک ہیکاتھون اختتام پذیر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹیلی نار پاکستان، کوڈ فار پاکستان اور اوپن اسلام آباد کی جانب سے آن لائن سوک ہیکاتھون 2020ء اتوار کو کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ سوک ہیکاتھون میں تکنیکی مسائل، ڈیزائنرز، شہری منصوبہ سازوں، سماجی سائنسدانوں، این جی اوز، سی ایس اوز اور حکومت کے ساتھ مل کر مسائل کا ڈیجیٹل حل نکالنے پرغور کیا گیا۔ کروناکے باعث ہیکاتھون آن لائن پیش کی گئی  اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے فاتح ٹیموں کے اعلان سے قبل شرکاء کو خصوصی پیغام دیا۔ انہوں نے روشن، ڈیجیٹل مستقبل کی سمت پاکستان کی ترقی کا فعال حصہ بننے پر تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان کی کاوشوں کو بھی سراہا جبکہ انہیں ہیکاتھون کے نتائج سے قطع نظر اصل صورتحال پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ دوسروں کی مدد کرنا ہی اصل انعام ہے۔ پاکستان بھر کے 90 شہروں سے 680 درخواستیں جبکہ کچھ درخواستیں بیرون ملک سے موصول ہوئیں،  300,000  روپے کا پہلا انعام ٹیم سٹیسفائر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے پراجیکٹ ’’گھیراستی‘‘ کے لئے جیتا۔ ٹیم بائیو بیئنگ نے موبائل ایپلی کیشن کیلئے دوسرا انعام  200,000   روپے کا حاصل کیا جو ویسٹ کوکنگ آئل کو جمع کرنے اور اسے بائیو ڈیزل میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔  100,000  روپے کا تیسرا انعام ٹیم سلوشن سیکرز نے جیتا ۔جنہوں نے ’’فریاد‘‘ نام سے ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی جو ہنگامی صورتحال میں فنڈز جمع کرنے کیلئے اپنے صارفین کو این جی اوز، ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کے ساتھ منسلک کرتی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن