اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن نے نیب کے خلاف سینٹ کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرادی جبکہ اپوزیشن نے نیب کے خلاف دو قراردیں بھی جمع کرا دیں۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں نیب کے خلاف ایک پیج پر آگئیں ۔ قرارداد کے متن اور تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کی چیئرمین نیب اور ڈی جی کے خلاف تحریک استحقاق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اپوزیشن نے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب راولپنڈی کو پارلیمان طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے اس کے ساتھ ہی اپوزیشن کی جانب سے نیب کے تمام حکام کے اثاثوں کی چھان بین، نیب حکام کی تقرریوں، ڈومیسائل، ڈگریوں اور اثاثوں کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ نیب حکام کے تقرریوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے ۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب حکام کے تقرری کے وقت اثاثوں اور موجودہ وقت میں اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔