اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 1971ء کی طرح آج بھی ووٹ کی عزت پامال کی جا رہی ہے۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن آرمی پبلک سکول پشاور کا دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا۔ دہشت گردوں نے ہمارے پھول سے بچے، ہمارا مستقبل ہم سے چھین لیا۔ قوم نے نواز شریف کی قیادت میں مسلح افواج اور تمام سول سکیورٹی اداروں کی مدد سے اپنے بچوں کے خون کا بدلہ لیا۔ دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی اور امن بحال کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ 49 برس پہلے آج ہی کے دن قائد اعظم کا پاکستان دو لخت ہو گیا۔ اس لیے کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، ووٹ کی عزت پامال کی گئی۔ حمود الرحمن کمیشن کی سفارشات کو ٹھکراتے ہوئے آج بھی ووٹ کی عزت پامال کی جا رہی ہے، لیکن اب یہ نہیں ہوگا۔
آج بھی ووٹ کی عزت پامال کی جا رہی ہے‘ اب ایسا نہیں ہوگا: مریم نواز
Dec 17, 2020