کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول میں طلبہ اور اساتذہ کا قتل عام کرنے والے منصوبہ سازوں و سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جمعرات کو سانحہ اے پی ایس کے 7 سال مکمل ہوجانے پر بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہاکہ میری پارٹی اور خاندان دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی صدا بلند کرتا رہوں گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے سلیکٹڈ نفاذ کو ترک کرکے اسے مکمل طور پر نافذ کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے ایوان صحافت میرپور خاص کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعرات کو بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ملک بھر کے پریس کلب کی طرف سے جمہوری روایت کی پاسداری رکھنا خوش آئند ہے۔ سردار محمد وارث خاص خیلی، مختار کیریو، اظہر علی، حسن رضا ملک اور بابو شرف الدین کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آزاد صحافت کے لیے قربانیاں دینے والے صحافی جمہوریت کے ماتھے کا جھومر ہیں۔