لاہور+ پنڈی بھٹیاں+ نوشہرہ ورکاں+ ننکانہ (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں شدیددھند کے باعث فضائی آپریشن بری طرح متاثر رہا، پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کے باعث ایئر پورٹ کو کئی گھنٹے تک ہر طرح کی پروازوں کیلئے مکمل بند رکھا گیا، لاہور آنے اورجانے والی 5 پروازیں منسوخ اور 17 پروازوں کے اوقاتِ کار تبدیل ہونے سے گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں، فیصل آباد میں متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں جبکہ شدید دھند کے باعث ننکانہ،فیصل آباد ، چنیوٹ ، پیر محل میں ٹریفک حادثات میں لڑکی سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان ہو گئے،شمس آباد جھمرہ روڈ پر جنریٹرکا دھواں بھرنے سے 4 افراد بے ہوش۔ پنڈی بھٹیاں، چناب نگر، جکھڑ اور کمالیہ میں شددھند کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا۔ ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، سیالکوٹ موٹروے سمبڑیال انٹرچینج سے ٹریفک کیلئے بند جبکہ کمالیہ میں دھند کے باعث موٹروے دن 12 بجے تک بند رہی۔نوشہرہ ورکاں میں دھندکے باعث گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کے سینکڑوں دیہات کا رابطہ منقطع ہو گئے، رابطہ سٹرک کا کام نامکمل ہونے کے باعث راستہ بھول بھلیوں کی شکل اختیار کر گیا گزشتہ کئی سالوں سے اس سڑک کا بار بار افتتاح کرتے ہوئے سنگ بناد رکھا گیا مگر تعمیراتی کام انتہائی سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے خطرناک ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھند کی وجہ سے پی آئی اے کی مدینہ، جدہ اور دبئی آنے اورجانے والی تمام پروازیں لاہور کی بجائے اسلام آباد ایئرپورٹ سے آپریٹ کی گئیں۔ جکھڑ، پنڈی بھٹیاں اور ننکانہ میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی جبکہ کئی دیہائیوں سے التوا کا شکار گوجرانوالہ شیخوپورہ روڑ جو کہ دونوں شہروں کی واحد رابطہ سٹرک ہے ضلع شیخوپورہ کی حدود میں چندکلو میٹر کا ٹکڑا بھی صیح تعمیر نہ ہو سکا جس سے مسافروں کو عام دنوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ۔علاوہ ازیں ننکانہ میں دھند کے باعث گریڈ سٹیشن کے قریب ٹریلر مینار پاکستان کے ماڈل سے ٹکرا کر الٹ گیا۔ جس کے نتیجہ میں ٹینکر ڈرائیور طارق شدید زخمی ہوگیا جس کو ریسکیو کے عملہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب میں منتقل کر دیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق کیمیکل سے بھرا ٹریلر شاہ کوٹ سے پھول نگر جا رہا تھا۔
شدید دھند:پروازیںمعطل ،موٹروے بند،فیصل آباد،چنیوٹ میں حادثات،6افراد جاں بحق
Dec 17, 2021