لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ تھانہ پولیس ورکنگ کی بنیادی اکائی ہے جس کے پیشہ ورانہ امور کومزید بہتر بنانے کیلئے نہ صرف تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے بلکہ آپریشنز کے ساتھ انویسٹی گیشن کے شعبے پر یکساں توجہ اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں تعینات تفتیشی افسروں کے استعداد کار میں اضافے کیلئے سکول آف انویسٹی گیشن چوہنگ اور دیگر تربیتی اداروں میں ریفریشر کورسزاور ورکشاپس جاری ہیں اور تفتیشی افسروں کو جدید وسائل کی فراہمی، نفری کی کمی کو پورا کرنے سمیت ہر ممکن سہولیات دی جارہی ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ اور 1787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ وقت پر حل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارسنٹرل پولیس آفس میں نیشنل پولیس بیورو سے آئے 4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس میں کی جانے والی ریفارمز بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد میں ڈی آئی جی ثاقب سلطان اورپارلیمانی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اراکین شامل تھے۔گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جرائم کی روک تھام اور سروس ڈلیوری کی بہتری کیلئے پنجاب پولیس دستیاب وسائل کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کررہی ہے۔