واشنگٹن (اے پی پی) امریکی کانگریس نے افغانستان میں 20 سال تک جنگ کے باوجود اپنی ناکامیوں اور طالبان کی کامیابی کا جامع تجزیہ کرنے اور تحقیقات کیلئے ایک کمشن کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ کمشن مستقبل میں ایسی ناکامیوں سے بچنے کی حکمت عملی اور تجاویز بھی پیش کرے گا۔ مجوزہ کمشن کے قیام کا فیصلہ امریکا کے 768 ارب ڈالر کے اس سالانہ دفاعی پیکج کا حصہ ہے جس کی سینٹ نے 10 کے مقابلے میں 89 ووٹوں سے منظوری دی تھی جبکہ ایوان نمائندگان گزشتہ ہفتے ہی کمشن کے قیام کی تجویز کو بھاری اکثریت سے منظور کرچکی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے مذکورہ کمشن 16 ارکان پر مشتمل ہو گا۔