اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان سے) پاکستان ریلوے نے جدید طرز پر ’’ سائوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل‘‘ سے پہلی آزمائشی ٹرین سروس شروع کردی ہے۔ اس ٹرمینل سے ٹرین آپریشن سے پاکستان ریلوے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے پاکستان ریلوے نے آزمائشی بنیادوں پر سائوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل (SAPT) سے پہلی آزمائشی کنٹینر ٹرین چلائی ہے۔آزمائشی ٖفریٹ ٹرین سروس کے موقع پر ڈی ایس ریلوے وقار احمد شاہد، ڈپٹی ڈی ایس شاہد حسین سموں اور ڈپٹی ڈی ایس انفراسٹرکچر شوکت شیخ بھی موجود تھے اس سے پہلے سائوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل ریلوے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک نہیں تھا۔ آزمائشی بنیادوں پر کچھ مزید ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی جس کے بعد وفاقی وزیر اس ٹرمینل سے با ضابطہ طور پر فریٹ ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ سائوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل جدید طرز کا پہلا ٹرمینل ہے جس سے روزانہ 4 کنٹینر ٹرینیں جلائی جا سکتی ہیں۔ بیرون ملک تجارت کے لئے اس ٹرمینل پر کنٹینر ہینڈلنگ کی صلاحیت پاکستان میں سب سے زیادہ ہے-واضح رہے مسافرٹرینیں عوامی سہولت کے لیے چلائی جاتی ہیں جبکہ مال بردار ٹرینیوں کے ذریعے ریلوے آمدنی میں اضافہ کیا جاتا ہے یہ مال بردار ٹرینیں تجارتی گڈز کے علاوہ سرکاری نیم سرکاری طور پر نمک، تیل، کوئلہ، جپسم، کرومائٹ ، آئرن، نمک، اجناس،ودیگر سامان ملک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک جہاںتک ریلوے ٹریکس موجودلے کر جاتی ہیں ان سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ ریلوے خسارے کو پورا کرنے اور مسافر ٹرینوں کے اخراجات پورا کرنے میں استعمال کیا جاتا ہے۔