وزیر آباد اور نواح میں شہریوں کو زائد المیعاد کرونا ویکسین لگانے کا انکشاف

Dec 17, 2021

وزیر آباد (نامہ نگار) وزیرآباد اور گرد و نواح میں شہریوں کو زائد المیعاد کرونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ فیلڈ سٹاف کی تمام ٹیمیں گھر گھر جا کرمرد و خواتین کو یہی ویکسین لگا رہی ہیں۔ تمام فیلڈ سٹاف کو ویکسین کی ملٹی ڈوز وائلیں دی گئی ہیں جن کی مدت میعاد نومبر 2021ء میں ختم ہو چکی ہے۔ بستی قدرت آباد اور سپال کالونی میں مدت میعاد کی تاریخ دیکھ کر شہریوں نے زائد المیعاد ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا۔ شہریوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔ سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر فرجاد بٹ نے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ زائد المیعاد ویکسین فیلڈ سٹاف کے پاس کیسے پہنچی۔محکمہ ہیلتھ کی جانب سے گھر گھر جا کر کرونا ویکسین لگانے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ فیلڈ سٹاف کی درجنوں محکمانہ ٹیمیں فیلڈ میں مصروف ہیں جنہیں آسٹرازنکا ویکسین کی ملٹی ڈوز وائلیں دی گئی ہیں۔ جن کا کوڈ نمبر ABZ 7661 اور مدت میعاد نومبر 2021ء ہے۔ محکمہ ہیلتھ کی دو ٹیمیں بستی قدرت آباد اور سپال کالونی میں شہریوں کو ویکسین لگارہی تھیں کہ ایک نوجوان نے  ویکسین کی وائل کا معائنہ کیا تو اس کی میعاد نومبر 2021ء میں ختم ہو چکی تھی۔ شہریوں نے سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ کو بھی آگاہ کر دیا۔ اب تک سینکڑوں مرد و خواتین کویہی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ طبی عملہ کے بعض افرادکو بھی یہ ویکسین لگائی گئی ہے۔ سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر فرجاد بٹ نے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ زائد المیعاد ویکسین فیلڈ سٹاف کے پاس کیسے پہنچی۔ 

مزیدخبریں